بالآخر سام سنگ نے تاریخ میں پہلی مرتبہ فولڈ ہونے والا موبائل فون متعارف کروادیا

بالآخر سام سنگ نے تاریخ میں پہلی مرتبہ فولڈ ہونے والا موبائل فون متعارف ...
بالآخر سام سنگ نے تاریخ میں پہلی مرتبہ فولڈ ہونے والا موبائل فون متعارف کروادیا

  

سیئول(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کی طرف سے لگ بھگ ایک سال قبل فولڈ ہونے والا فون تیار کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جو طویل انتظار کے بعد بالآخر متعارف کروا دیا گیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق کمپنی کی طرف سے یہ اختراعی ماڈل سین فرانسسکو میں ہونے والی ڈویلپرز کانفرنس 2018ءمیں متعارف کروایا گیا۔ یہ فون انفینٹی فلیکس ڈسپلے کا حامل ہے جو کھولا اور بند کیا جا سکتا ہے۔ جب یہ بند ہو گا تو فون بن جائے گا اور جب اسے کھولا جائے گا تو اس کی سکرین 7.3انچ کی ہو جائے گی اور یہ ایک ٹیبلیٹ بن جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق اس فون کی موٹائی سام سنگ کے سابق ماڈلز کی نسبت 45فیصد کم ہے اور اس کے لیے اینڈرائیڈ کا ایک خاص ورژن تیار کیا گیا ہے جو فون اور ٹیبلیٹ دونوں صورتوں میں کام کرتا ہے۔ اس کے علاوہ اس فون میں بیک وقت 3ایپلی کیشنز چلانے کی صلاحیت بھی رکھی گئی ہے۔کمپنی کی طرف سے اس نئے فون کی زیادہ تفصیلات تاحال نہیں بتائی گئی اور صارفین کو اسے خریدنے کے لیے مزید چند ماہ انتظار کرنا پڑے گا۔ سام سنگ کے شعبہ موبائل پراڈکٹ مارکیٹنگ کے سینئر نائب صدر جسٹن ڈینی سن کا کہنا تھا کہ ”ڈسپلے کو فولڈنگ کے قابل بنانے کے کی وجہ سے ہمیں اسے انتہائی باریک کرنا پڑا۔ اس سے قبل دنیا میں اتنا باریک ڈسپلے نہیں بنایا گیا۔ یہ ایسا حیرا ن کن فون ہے کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں جب یہ صارفین کے ہاتھوں میں آئے گا تو وہ اس کے گرویدہ ہو جائیں گے۔“

مزید : سائنس اور ٹیکنالوجی