نواب وسان کے خواب ہمیشہ غلط ہی ثابت ہوئے، آصف زرداری گرفتاری سے بچنے کے لیے سیاسی بیساکھیاں ڈھونڈ رہے ہیں:امیر بخش بھٹو

نواب وسان کے خواب ہمیشہ غلط ہی ثابت ہوئے، آصف زرداری گرفتاری سے بچنے کے لیے ...
نواب وسان کے خواب ہمیشہ غلط ہی ثابت ہوئے، آصف زرداری گرفتاری سے بچنے کے لیے سیاسی بیساکھیاں ڈھونڈ رہے ہیں:امیر بخش بھٹو

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹو  نے کہا ہے کہ آصف زرداری ہیرو بننے کے لیے نہیں گرفتاری سے بچنے کے لیے سیاسی بیساکھیوں کو ڈھونڈ رہے ہیں،نواب وسان کے خواب ہمیشہ غلط ہی ثابت ہوئے ہیں ، حقیقت یہ ہے کہ پیپلزپارٹی کے وزراء اب جیل میں ہونگے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر  امیر بخش بھٹو  کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پاس اب سوائے تنقید کے کچھ نہیں بچا،اِنہوں نےعوامی خدمت کی ہوتی تو آج چند اضلاع میں محدود نہیں ہوتے ،آصف زرداری کی جماعت مسلسل اقتدار میں ہے اور اپنی کارکردگی کی بجائے تحریک انصاف پر کچرا پھینک رہے ہیں،پیپلزپارٹی نے سندھ کے لوگوں کو سوائے خودکشیوں اور اموات کے کچھ نہیں دیا ، وفاق میں پانچ سال رہنے والوں نے سندھ کے لیے کیا کیا ؟۔انہوں نے کہا کہ ایان علی کی پیروی کرنے والے بینظیر قتل کیس پر باتیں کرتے اچھے نہیں لگتے ،جس نے بھی کرپشن کی ہے اس سے ضرور حساب ہوگا ، افسران پہلے سے زیادہ بہتر کام کررہے ہیں ۔امیر بخش بھٹو کا کہنا تھا کہنواب وسان کے خواب ہمیشہ غلط ہی ثابت ہوئے ہیں ، حقیقت یہ ہے کہ پیپلزپارٹی کے وزراء اب جیل میں ہونگے،سندھ میں قائم پیپلزپارٹی کا جاگیردارانہ نظام جلد ختم ہوگا اور سندھ کے لوگوں کو پیپلزپارٹی سے آزادی دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا دورہ مقامی لوگوں کے لیے شاہانہ پروٹوکول کے باعث عذاب بن چکا ہے ،تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدام اٹھا رہی ہے،ہمیں  پیپلزپارٹی کے مشوروں کی ضرورت نہیں ۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی