سندھ حکومت کی جانب سے اساتذہ پر تشدد قابل مذمت، ہر ممکن مددکریں گے: حلیم عادل شیخ
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدرحلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ اساتذہ پر پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہیں،اساتذہ کے ہر جائز مطالبے پر انکے ساتھ ہیں، ہر ممکن مددکریںگے، سندھ میں حقوق مانگنے پر ڈنڈے مارے جاتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ٹھیکوں، پاور پلانٹ و دیگر کاموں کی فائلوں پر رشوت ملتی ہے، اس لئے کام جلدی ہوجاتاہے،ٹائم سکیل کی فائل میں پیر نہیں لگے ہوئے اس لئے انکے کام نہیں ہوتے،اگر اس میں پیسے دئے جاتے تو ان اساتذہ کی سمری بھی منظور کرلی جاتی، سندھ کی بیٹیوں پر بھی تشدد کیاگیا جو بلاول کو نظر نہیں آتا، بلاول کی حکومت کیلئے اسلام آباد میں دھرنا جائز ہے، یہاں پرامن احتجاج قانون کی خلاف ورزی نظر آتاہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کوئی سمری جس پر کمیشن اور رشوت نہ دی جائے منظور نہیں کی جاتی،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بغیر رشوت دستخط نہیں کرتے،سندھ میں کرپشن عروج پر جبکہ ہمارے ٹیچرز، پروفیسر سڑکوں پر ہیں،حقوق مانگنے پر ڈنڈے مارے جارہے ہیں، اساتذہ کے جائز مطالبات منظور نہ کئے گئے تو پی ٹی آئی ان کے ساتھ ساتھ ہوگی۔