عالمی برادری مظلوم کشمیریوں کومشکلات سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرے:ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے اور وہاں بنیادی سہولتوں کی معطلی کے لئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کشمیریوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
اسلام آباد میں یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرلClaudio Graziano سے گفتگو کرتے ہوئےڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ عالمی برادری کو فسطائی بھارتی حکومت کے ہاتھوں کشمیریوں کومشکلات سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور اقتصادی مفادات پر اخلاقی اقدار کو قربان نہیں کیا جانا چاہیے۔صدر نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سےکشمیر میں انسانی صورتحال جبری ترک وطن پرمجبور کر دے گی اورمقبوضہ کشمیر سے ایسی جبری ترک وطن کو روکنے کے لئے تمام ممکنہ کوششیں کی جانی چاہئیں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین سے اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور وہ پاکستان کی روایتی اتحادی اور سرمایہ کاری اور تجارت میں بڑی شراکت دار ہے۔صدر نے دورے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان مفاہمت اور مستقبل میں دفاعی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یورپی یونین کشمیریوں کے انسانی حقوق کی مکمل حمایت کرتی ہے۔