درآمدات پر سیلز ٹیکس وصولیوں میں 18.5فیصد اضافہ
اسلام آباد(و ائس آف ایشیا)رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران درآمدات پر سیلز ٹیکس وصولیوں میں 18.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا اکتوبر 2019 کے دوران درآمدات پر سیلز ٹیکس محصولات 267.45 ارب روپے تک بڑھ گئے جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2018 کے دوران درآمدات پر سیلز ٹیکس وصولیوں کا حجم 225.6 ارب روپے رہا تھا۔اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں کے دوران درآمدات پر سیلز ٹیکس کی وصولی میں 18.5 فیصد یعنی 41.85 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔لارج ٹیکس پیئرز یونٹ (ایل ٹی یو) کے اعدادو شمار کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں بعض درآمدات پر زیرو ریٹرنگ کی سہولت کے خاتمہ کے بعد سیلز ٹیکس کی وصولی بڑھی ہے رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر کے دوران پورٹ قاسم پر سیلز ٹیکس کی وصولی میں 42 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس دوران 127.66 ارب روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران درآمدات پر 97.21 ارب روپے سیلز ٹیکس کی مد میں وصول کئے گئے تھے اس طرح پورٹ قاسم پر چار ماہ کے دوران درآمدات پر سیلز ٹیکس کی وصولی میں 30.45ارب روپے یعنی 42 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔