ایس ایس پی آپریشن کے زیر  صدارت پولیس حکام کا اجلاس 

  ایس ایس پی آپریشن کے زیر  صدارت پولیس حکام کا اجلاس 

  



پشاور (کرائمز رپورٹر)ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی کی سربراہی میں ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، کرائم میٹنگ میں صدر ڈویژن میں ہونے والے جرائم کا تقابلی جائزہ لیا گیا جس میں ایس پی تصور اقبال، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انوسٹی گیشن افسران نے شرکت کی، اس موقع پر قتل، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم اور ان کی تفتیش پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، ایس ایس پی آپریشنز نے تفتیش میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہی حاصل کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام، آئس کے تدارک، ہوائی فائرنگ اور اسٹریٹ کرائمز اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے تھانہ بڈھ میں غیرت کے نام پر تہرے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے پر اطمینان کا اظہار کیاتفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں خصوصی کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر ڈویژن میں ہونے والے جرائم کا تقابلی جائزہ لیا گیا، میٹنگ کے دوران ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے پولیس افسران کو جرائم کی روک تھام سمیت معاشرتی برائیوں کے خاتمہ میں بھی کردار ادا کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے سنگین مقدمات کی تفتیش کو جلد مکمل کرنے اور تفتیش کے دوران مدعیان کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کی، اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے تھانہ آنے والے سائلین خصوصاََ بزرگوں اور بے سہارا افراد کی داد رسی کو ہر ممکن بناتے ہوئے خواتین اور معذور شہریوں کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی،

مزید : پشاورصفحہ آخر