اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمہ کا مطالبہ کرنا چاہئے، سید فخر امام
اسلام آباد (این این آئی)کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو مودی حکومت سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے فوری خاتمہ کا مطالبہ کرنا چاہئے۔جمعرات کو ایک انٹرویو میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں تین ماہ سے زائد عرصے سے مسلسل جاری غیر انسانی کرفیو کے خاتمہ اور حریت راہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم کشمیری عوام کو خوراک اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے اور کرفیو کی وجہ سے مریض ہسپتالوں تک پہنچنے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر بھارتی موقف کو سختی سے مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ اس حوالے سے پاکستان کے موقف کی پرزور تائید کی ہے۔ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین نے انسانی حقوق کی کونسل پر زور دیا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سات دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کی پرامن جدوجہد کو دہشت گردی اور سرحد پار سے دہشت گردی کی کارروائیوں کے بارے میں بھارتی حکومت کے جھوٹے بیانات شرمناک ہیں۔
سید فخر امام