فوجی ترجمان کی بار بار وضاحت حیران کن ہے،لیاقت بلوچ

فوجی ترجمان کی بار بار وضاحت حیران کن ہے،لیاقت بلوچ

  



لاہور (نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ فوجی ترجمان کی جانب سے سیاسی صورتحال پر بار بار وضاحت، دال میں کالا کے مترادف ہے۔ افواج پاکستان قابل اعتماد قومی ادارہ ہے، پوری قوم کو ان سے محبت و احترام ہے۔ آئین کے پابند اداروں کی اہمیت، وقار اور قد کاٹھ خود ہی انہیں ہر شک و شبہ سے بالا کردیتاہے۔نیب قوانین و نیب ادارہ متنازع ہیں۔ فوجی آمر جنرل مشرف نے مسلط کیا۔

زرداری اور نواز شریف دور میں متفقہ اصلاحات کی کوششیں نہ کی گئیں اب بھی وزیراعظم نے ترامیم کی ہدایات کی ہیں۔ احتساب کے ادارہ اور قوانین کو مکمل غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے پارلیمنٹ متفقہ قوانین بنائے، انتقام اور جانبداری کا تاثر ختم کیا جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومتی بے حسی، سیاسی، سماجی قیادت کا تذبذب مسئلہ کشمیر کے لیے تازیانہ ہے۔ ہندوستان قدم بقدم کشمیر پر اپنا ناجائز قبضہ پختہ کرنے کے اقدامات کرتا رہاہے اور ابھی تک عمران خان قومی کشمیر پالیسی اور سفارتی محاذ پر روڈ میپ واضح نہیں کر سکے۔حکومت، پارلیمنٹ اور قومی قیادت مجرمانہ غفلت ترک کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1