سرکاری ہسپتالوں میں سموگ کاؤنٹر قائم کر دیے گئے،ہارون جہانگیر

  سرکاری ہسپتالوں میں سموگ کاؤنٹر قائم کر دیے گئے،ہارون جہانگیر

  



لاہور(پ ر) ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے کہا ہے کہ پنجاب کے متعدد شہروں میں سموگ کی شدت میں کئی گنا اضافہ ہونے کے باعث عوام الناس کی صحت کو لاحق خطرات سے نمٹنے کیلئے صوبہ بھرکے تمام ہسپتالوں میں سموگ کاؤنٹر قائم کر دیئے ہیں تاکہ سموگ کے برے اثرات سے متاثرہ مریضوں کیلئے ادویات اور علاج کی سہولیات کو یقینی بنا یا جائے۔ حکومت نے سموگ کے خلاف تمام اداروں کے ذریعے ہمہ گیر مربوط عمل کا آغاز کر دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سموگ نزلہ،زکام،سانس اور آنکھوں کی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔ خاص طور پر سموگ کے دوران کام گھر سے باہر کام کرنے افراد اس سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔عوام الناس سموگ کے مضر اثرات سے بچاؤ کیلئے گھر سے نکلتے وقت ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں۔بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔چہرہ اور ہاتھ بار بار دھوئیں اور سموگ کے موسم میں جسمانی مشقت سے پرہیز کریں۔سموگ کے دوران باہر نکلنے میں زیادہ سے زیادہ اجتناب کر کے بچاؤ کے طریقے اختیار کریں۔گھر سے باہر کی سرگرمیوں کو ضروری کاموں تک محدود کر دینا چاہئے۔ گھر کے اندر سموگ کے داخلے سے بچنے کیلئے کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں۔گلے میں خراش کی صورت میں نیم گرم پانی سے غرارے کریں۔ سموگ سے متاثرہ مریض طبی امداد اور علاج کیلئے قریبی سرکاری ہسپتال یا مرکز صحت سے رجوع کریں۔اس سلسلے میں مزید معلومات اور رہنمائی کیلئے حکومت پنجاب کی ہیلپ لائن 0800 99 000 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...