اسوہ رسولؐ پر عمل کرکے مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے،ڈاکٹر ممتاز الحسن

  اسوہ رسولؐ پر عمل کرکے مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے،ڈاکٹر ممتاز الحسن

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام حکیم الامت حضرت علامہ اقبال ؒ کے یوم ولادت کے حوالے سے ”اقبال اور عشق رسول ؐ“ کے عنوان سے تقریب،اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کالج آف شریعہ ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے کہا کہ علامہ اقبال ؒ کا دل عشق رسول ؐ سے معمور تھا،اقبال عشق رسول ؐ کو دین کی بنیاد اور اخروی کامیابی قرار دیتے تھے، اقبال کے نزدیک امت مسلمہ کی زبوں حالی اور ان کی مذہبی و سیاسی مشکلات کے حل کی کلید ذات نبوی اور اسوہ رسول ؐ میں پوشیدہ ہے۔تقریب میں ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، ڈاکٹر شفاقت الازہری، ڈاکٹر شبیر احمد جامی، ڈاکٹر مسعود مجاہد، محمد الیاس اعظمی، صابر نقشبندی سمیت دیگر اساتذہ شریک تھے۔ ڈاکٹر ممتازالحسن باروی نے کہا کہ علامہ اقبال مصیبت اور پریشانی کے وقت ہمیشہ در نبوی پراپنی جبین خم کرتے نظر آتے ہیں، حکیم الامت کو عشق و محبت رسول ؐ کی دولت والدین اور اساتذہ سے ورثہ میں ملی تھی، اسی تربیت کا اثر تھا کہ انہیں جلوہ دانش فرنگ خیرہ نہ کر سکا بلکہ وہ ہمہ وقت عشق و محبت کے نغمے الاپتے رہے، انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کا عروج حضور ؐکے ادب و عشق سے ہی وابستہ ہے، علامہ اقبال ؒ نے مسلمانوں کو ایمان کی پختگی اور سلامتی کے لیے حضور ﷺ سے عشق و محبت کا پیغام عام کرنے کی ترغیب دی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...