کرتار پور راہداری بڑا اقدام، یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، اسلم اقبال

  کرتار پور راہداری بڑا اقدام، یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، اسلم اقبال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(فلم رپورٹر،لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں بورڈ ممبران کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں 4نکاتی ایجنڈے، بورڈ کے مختلف امور اورامتحانی پیپر بنانے کے لئے معاوضہ بڑھانے کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے بورڈ کے امتحانی نظام پر عدم اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ معیاری ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے لئے امتحانی نظام کو بہتر اور موثر بنایا جائے اور اس مقصد کے لئے آئندہ دس روز میں سفارشات مرتب کرکے پیش کی جائیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بورڈ کے تمام معاملات طے شدہ قواعد ضوابط کے مطابق آگے بڑھائے جائیں اورامتحانی نظام سے نقل کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ جس سنٹر سے کوئی طالب علم نقل کرتا ہوا پکڑا گیا اس سنٹر کے عملہ کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔اجلاس میں چیئرمین فنی تعلیمی بورڈ محمد نذر خان نیازی،سیکرٹری فقیر محمد کیفی اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے ایوان وزیر اعلی میں کسانوں کے وفدنے ملاقات کی۔صوبائی وزیر زراعت نعمان  لنگڑیال،صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری،سیکرٹری زراعت اور متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔چیئرمین پاکستان کسان اتحاد چوہدری محمد انور وفدکی قیادت کررہے تھے۔کسانوں کے وفد نے کاشتکاروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزراء نے کسانوں کو ان کے تمام جائز مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کسانوں کے مسائل ہمارے اپنے مسائل ہیں،انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔صوبائی وزیراطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے لاہور میوزیم میں بابا گرونانک کے550ویں جنم دن کے حوالے سے سکھ عہد کی نوادرات کی نمائش کا افتتاح کیا۔صوبائی وزیر نے میوزیم میں رکھے گئے سکھ عہد کے نوادرات بھی دیکھے اور تقریب میں میں بھی شرکت کی۔اس موقع پر لاہور میوزیم میں ایک گیلری کو سکھ گیلری سے منسوب کیا گیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سکھوں کی مقدس کتاب”گرنتھ صاحب“ کا پرکاش کیا گیا۔سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور،چیف ایگزیکٹو اطہر علی خان،ڈائریکٹر میوزیم اور سکھ کمیونٹی سے وابستہ نامور شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت نے باباگرونانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اہل لاہور، پنجاب اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے آپ کو یہاں خوش آمدید کہتے ہیں۔پہلی بار لاہور میوزیم میں ایسی بڑی محفل کا انعقاد کیا گیا ہے جہاں سکھ برادری کے لئے سکھ عہد سے وابستہ نوادرات ان کی زیارت کے لئے موجود ہیں۔کرتار پور راہداری کھولنا وزیراعظم پاکستان عمران خان کا بہت بڑا اقدام ہے۔دنیا بھر سے سکھ وہاں آ رہے ہیں اور ہم سب کو کھلے دل کے ساتھ خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سکھ برادری ہمیں آئندہ بھی مہمان نواز کا موقع دیتی رہے گی۔صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت نے فاونٹین ہاوس میں مقابلہ مصوری ”فن خطاطی“ کی تقریب میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے نمائش میں آویزں تصاویر اور فن پاروں کا مشاہدہ کیا اور مصوروں کے کا م کو بھرپور سراہا۔نمائش میں لاہور شہر کے 25 سے زائد مختلف سکولز،کالجوں اور یوینورسٹیوں سے طلباء وطالبات نے شرکت کی نمائش میں نوجوان مصوروں کے 3 سو فن پارے رکھے گئے۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں اور قوم کے روشن مستقبل کی امیدہے۔چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ڈاکٹر امجد ثاقب اور ایم ایس فاونٹین ہاوس ڈاکٹر سید عمران مرتضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔


 میاں اسلم اقبال

مزید :

صفحہ آخر -