محکمہ ریلوے کا سکھ یاتریوں کیلئے آج سے 3خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

      محکمہ ریلوے کا سکھ یاتریوں کیلئے آج سے 3خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ

  



لاہور(لیڈی رپورٹر)ریلوے انتظامیہ نے مقامی سکھ یاتریوں کیلئے ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کی سالانہ تقریبات کے موقع پر آج8 نومبرتا 13نومبر 2019 تک تین سپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق پہلی سپیشل ٹرین آج8 نومبر کو لاڑکانہ سے دن 12 بجے روانہ ہوکر سکھر، روہڑی، گھوٹکی، میرپورماتھیلاو، لودھراں، خانیوال اور شورکوٹ کینٹ سے ہوتی ہوئی اگلے روز الصبح 4 بجکر 30منٹ پر ننکانہ صاحب پہنچے گی۔ دوسری سپیشل ٹرین بھی 8 نومبر کو خیرپورسے سہ پہر 3 بجے روانہ ہوکر گھوٹکی، خانپور، خانیوال، شور کو ٹ کینٹ اور براستہ جڑانوالہ اگلے صبح 6 بجکر 30منٹ پر ننکانہ صاحب پہنچے گی۔ تیسری شٹل ٹرین 11 نومبر کو ننکانہ صاحب سے صبح 10 بجکر 30منٹ پر روانہ ہوکر براستہ شیخوپورہ دوپہر 12بجکر 35 منٹ پر لاہور پہنچے گی۔ واپسی کیلئے 13نومبر کو پہلی ٹرین ننکانہ صاحب سے دوپہر 12 بجے لاڑکانہ کیلئے روانہ ہوگی۔ دوسری ٹرین بھی 13نومبر کو سہ پہر 3بجکر 30منٹ پر ننکانہ صاحب سے خیر پور کیلئے روانہ ہوگی۔ تیسری شٹل ٹرین 11نومبرکو لاہور سے رات 8 بجے روانہ ہوکر براستہ شیخوپورہ رات 10بجے ننکانہ صاحب پہنچے گی۔ یادرہے ان سپیشل ٹرینوں میں کسی بھی مسافرکو اپنے ساتھ آئل، چولہا، لائٹنگ یا کسی بھی قسم کا آتش گیر مادہ لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

خصوصی ٹرین

مزید : صفحہ آخر