وکی لیکس کا بانی جمائما کا کزن، سوشل میڈیا پر چرچے
لندن(آئی این پی)جمائما نے مفتی کفایت اللہ کے الزام کا اپنے ٹوئٹ کے ذریعے جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ لوگ انتظار کریں جب پانامہ لیکس اور وکی پیڈیا کو بھی میرا کزن بنا دیا جائیگا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جمائما خان نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ وہ جو اردو نہیں جانتے ان کو بتانا چاہتی ہوں وکی لیکس والا وکی میرا فرسٹ کزن ہے اور یہ کہنا ہے ایک نام نہاد مذہبی سکالر کا۔انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اس وقت کا انتظار کریں جب وہ پانامہ لیکس اور وکی پیڈیا کو بھی میرا کزن بنا دیں گے۔واضح رہے کہ جمائما نے یہ جواب مفتی کفایت اللہ کی جانب سے عائد کئے گئے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہی ہے۔ پاکستان میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں انٹرنیٹ پر خفیہ معلومات جاری کرنے والی ویب سائٹ وکی لیکس کا ذکر کرتے ہوئے وکی کو عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ کا کزن قرار دیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے بھی ٹوئٹر پر اپنا ردعمل دیا ہے۔جے یو آئی کے رہنما سے ٹی وی اینکر نے سوال کیا تھا کہ کیبل اور وکی لیکس کے مطابق 2007میں مولانا کی این پیٹرسن سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار کیا۔اینکر کی بات مکمل ہونے سے قبل ہی مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ میں جانتا ہوں آپ کیا کہنا چاہتے ہیں، وکی کزن ہے جمائما کا اور یہ سازش کا حصہ ہے۔سوشل میڈیا پر مفتی کفایت اللہ کے اس بیان پر ٹوئٹر ٹرینڈ ہیش ٹیگ وکی کزن جمائما گردش کر رہا ہے جس میں ان پر تنقید کی جا رہی ہے اور بعض صارفین طنز و مزاح بھرے جملے لکھ رہے ہیں۔
وکی کزن چرچے