آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں ٹورسٹ پولیس کے آغاز کا اعلان 

      آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں ٹورسٹ پولیس کے آغاز کا اعلان 

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہاہے وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پنجاب پولیس سیاحوں کے بھرپور تحفظ، سہولیات اور بروقت راہنمائی کر کے وطن عزیز کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے لیے پوری طرح سرگرم عمل ہے اور اس سلسلے میں کرتار پور راہداری سے ٹورسٹ پولیس کا آغاز کیا گیا ہے تا کہ یہاں آنے والے سکھ یاتریوں، عقیدت مندوں اور سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلع نارووال کے دورے کے موقع پر ٹورسٹ پولیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، منظور سرور چوہدری، آر پی او گوجرانوالہ،طارق عباس قریشی اور ڈی پی او نارووال، ذوالفقار احمد سمیت ضلع بھر کے افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرتار پور کے بعد مری، فورٹ منرو اور ننکانہ صاحب سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں بھی ٹورسٹ پولیس کا آغاز کیا جائے گا اورنارووال سے شروع کی گئی ٹورسٹ پولیس کے پہلے دستے میں 100جوان شامل ہیں جنہیں پولیس کالج چوہنگ سے پبلک ڈیلنگ اور کرائم فائٹنگ کی خصوصی تربیت دی گئی ہے جبکہ انہیں جدید ہیوی بائیکس سمیت تمام درکار سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ ٹورسٹ پولیس دربارصاحب کرتار پور کے دورے پر آنے والے سکھ یاتریوں کو نہ صرف بھرپور مدد بلکہ کسی مسئلے کی صورت میں بھرپور قانونی امداد بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے ایک ماہ میں ٹورسٹ پولیس کا دستہ تشکیل دے کر اس کی باقاعدہ ورکنگ کے آغازپر ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی کی کاوشوں کو سراہا۔آئی جی پنجاب نے نارووال کے دورے کے دوران دربار صاحب کرتار پورکا وزٹ کیا اور 9نومبر کو ہونے والی افتتاحی تقریب کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

مزید : علاقائی