پرتھ کی وکٹ فاسٹ بولرز کیلئے سازگار، میچ جیتنے کیلئے رنز بنانے پڑیں گے،وہاب

 پرتھ کی وکٹ فاسٹ بولرز کیلئے سازگار، میچ جیتنے کیلئے رنز بنانے پڑیں گے،وہاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سڈنی(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کی فارم اچھی نہیں ہے۔پرتھ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی بطورکپتان پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں، ان کی خدمات کے سب معترف ہیں۔انہوں نے پاک آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے حوالے سے کہا کہ پرتھ کی وکٹ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار ہے، ہمیں میچ جیتنے کے لیے رنز بنانے پڑیں گے، آسٹریلیا کی ابتدائی تین وکٹیں اہم ہیں، نوجوان فاسٹ بولرز کا آنا خوش آئند ہے، نوجوان بولرز کو آسٹریلیا کی کنڈیشن میں بولنگ سے سیکھنے کو ملے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بارش کی وجہ سے پہلا میچ متاثر ہوا، اگر پہلا ٹی 20مکمل ہوتا تو160رنز بناسکتے تھے، دوسرے ٹی 20میں ہم نے 20رنز کم اسکور کیے، آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ کو جلد آؤٹ کردیتے تو میچ جیت سکتے تھے، اسمتھ کے لیے منصوبہ بنایا ہے کوشش کریں گے اس پر عمل کریں۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا جبکہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔