افغانستان میں قیام امن کیلئے بھر پور تعاون جاری رکھیں: جنرل قمر جاوید باجوہ
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیٹو کے ڈی جی انٹرنیشنل ملٹری سٹاف نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، نیٹو ڈی جی انٹر نیشنل ملٹری سٹاف جنرل وارنر وائرمن نے خطہ میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی نیٹو کے ڈائریکٹرجنرل انٹرنیشنل ملٹری سٹاف سے ملاقات ہوئی جس کے دوران خطے میں سکیورٹی سے متعلق مشترکہ کاوشوں سمیت دیگر امور زیرغور آئے۔ آرمی چیف نے افغانستان میں قیام امن سے متعلق اپنے عزم کو دہرایا اور ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔جنرل وارنر وائر من نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کے دوران پاک فوج کی بے مثال قربانیوں کو سراہا اور پیشہ وارانہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے باہمی چیلنجز سے متعلق مشترکہ اقدامات اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
جنرل قمرجاوید باجوہ