مولانا فضل الرحمن لوگوں کے صبر کا  پیمانہ ٹیسٹ نہ کریں، فردوس عاشق

مولانا فضل الرحمن لوگوں کے صبر کا  پیمانہ ٹیسٹ نہ کریں، فردوس عاشق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ قانون بدلیں گے تو لوگوں کے رویے بھی تبدیل ہوں گے، مولانا فضل الرحمن مذہبی کارڈ استعمال کرر رہے ہیں، وہ مذہب کے نام پر ذاتی مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں عوام کانہیں اپنی ذات کا درد ہے، پاکستان تحریک انصاف کو ڈیڑھ کروڑ عوام نے ووٹ دیا، لوگوں کے صبر کے پیمانے کو مولانا فضل الرحمن ٹیسٹ نہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمینٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اس نظام کو بدلیں گے،اس نظام کو بدلنے کیلئے قانون کو بدلنا تھا،جس کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن تنقید کے بجائے عوامی مفاد میں قانون سازی میں ہمارا ساتھ دے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سٹیٹس گو کو چیلنج کیا ہے،ہمیں میڈیا کا تعاون چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔ حکومت معاشی محاذ، آئینی اداروں، عدالتی ریفارمز، سیاسی ریفارمز اور اکنامک ریفارمز پر کام کر رہی ہے، اگر مولانا کے پاس کوئی تجویز ہے تو وہ دیں، حکومت سننے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پارلیمان میں نہیں ہیں، اس لئے یہ پارلیمان انہیں حرام نظر آتی ہے کیونکہ جس پارلیمان میں وہ ہوں وہ ان کیلئے حلال ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ہمارے لئے پارلیمان مقدس ہے چاہے ہم ہوں یا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان میدان میں اور لیڈران بستر آرام پر ہیں، یہ کھلا تضاد ہے۔ حکومت صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے، ہم مذاکرات کی کامیابی کیلئے پر امید ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کبھی تصادم نہیں چاہتے، وہ امن کے حوالے سے مذاکراتی کمیٹی کے ذریعے پیغام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کریز سے باہر نکل کر کھیل رہے ہیں، اس پر وہ آؤٹ ہو سکتے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن عالم دین ہیں، عالم دین اصلاح کے لئے ہوتا ہے، فساد اور شر کے لئے نہیں ہوتا اور نہ ہی کسی کی ذات پر کیچڑ اچھالنے اور پروپیگنڈا کرنے کیلئے ہوتا ہے، وہ وزیراعظم کی ذات پر کیچڑ اچھال رہے ہیں، دھرنے سے کشمیر کاز بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ امن کا پیغام لے کر آتا ہے اور امن و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔قبل ازیں  آل پاکستان نعت خوانی مقابلہ کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان میں منعقدہ محفل میلادسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت ریاست مدینہ کے نمونے پر عمل پیرا ہے، پاکستان، ترکی اور ملائیشیاء مشترکہ ٹی وی چینل قائم کریں گے، ٹی وی چینل کے قیام کا مقصد دنیا کو حقیقی اسلام کے چہرے سے روشناس کرانا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایسی محفلیں ایک دوسرے کو قریب لانے کا موثر ذریعہ ہیں، رسول پاکؐ کی ذات مبارک اسلام کے آفاقی پیغام کا عملی نمونہ ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ اللہ اور اس کے محبوب ؐ کی اطاعت کا مقصد انسانیت سے محبت ہے، رسول پاکؐؐ نے جہالت، نفرت اور عصبیت کو ختم کیا، محفل میلاد کے انعقاد پر ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن کی کوششوں کو سراہتی ہوں۔محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں انتشار اور فرقہ واریت سے پاک جدید اسلامی معاشرے کی جانب گامزن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی ریاست کے قیام کیلئے تخلیق پاکستان کی بنیاد پر جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کی ریاست مدینہ کے حوالے سے باتیں بانیان پاکستان کی طرف سے وضع کردہ حقیقی اسلامی معاشرے کے اہداف کے حصول کیلئے ہیں۔انہوں نے ملک میں نعت، قومی اور مذہبی ثقافت کے فروغ کیلئے ریڈیوپاکستان کے کردار کوسراہا۔
فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -