غیر ملکی فنڈنگ کیس،پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کردیا
اسلام آباد(ما نیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کا 10 اکتوبر کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا اور اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم قرار دیا جائے، درخواست پر فیصلے تک اسے معطل اور اسپیشل کمیٹی کو بھی کام سے روکا جائے۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے 10 اکتوبر کے حکم کے نتیجے میں پارٹی فارن فنڈنگ کی اسکروٹنی کیلئے اسپیشل کمیٹی کا قیام عمل میں آیا، الیکشن کمیشن کی تشکیل مکمل نہ ہونے کے باعث اس حکم کا کوئی قانونی جواز نہیں۔درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے آرڈر میں لکھا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل کسی سیاسی جماعت کی طرف سے ریاست کے مفاد کے خلاف پیش نہیں ہو سکتے، ریاست اس کیس میں فریق ہی نہیں، الیکشن کمیشن نے لاء افسران کے آرڈیننس کی غلط تشریح کی، مرضی کے وکیل کی خدمات حاصل کرنا ہر کسی کا بنیادی حق ہے۔
پی ٹی آئی