وزیر اعلٰی عثما ن بزدار کا سموگ سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کا حکم 

  وزیر اعلٰی عثما ن بزدار کا سموگ سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے ...

  



لاہور (سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت کے سرحدی علاقوں میں فصلو ں کی باقیات جلانے اور ہوا کا رخ تبدیل ہونے سے بدھ کی شام لاہور اور اس کے گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافہ ہوا اور پھراللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہونے والی بارش سے صورتحال میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورتحال کو خود مانیٹر کرتا رہا اور متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو اس ضمن میں فوری طور پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو فوری طور پر متحرک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سموگ کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے وضع کردہ پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی آلودگی اورسموگ پر قابو پانے کیلئے مہم کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آلودگی پھیلانے والی صنعتوں، گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سموگ کے اثرات سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کیلئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدارنے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارت سمیت دنیا بھر میں مقیم سکھ برداری کے دل جیت لئے ہیں، بین المذاہب ہم آہنگی کے اس تاریخی اقدم سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے جبکہ اقلیتوں کے مذہبی مقامات کے تحفظ اور اپ گریڈیشن کی اس سے بڑی مثال پور ی دنیا میں کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اس اقدام سے امن، محبت اور خیر سگالی کے جذبات کو فروغ ملے گا۔وزیراعلیٰ نے موجودہ سیاسی حالات خصوصاً مارچ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات ہمیشہ ڈائیلاگ سے ہی حل ہوتے ہیں لہٰذا احتجاج کا ایسا طریقہ ہر گز اختیار نہیں کرنا چا ہیے،جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے باعث پاکستان کا دنیا میں امیج متاثر ہوا ہے تاہم ملک کے معاشی استحکام کیلئے افہام و تفہیم پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی رہنماؤں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جغرافیائی صورتحال اور درپیش چیلنجزکے پیش نظربالغ نظری کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے مزیدکہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک کو ایک عظیم معاشی قوت بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

سردار عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول