سرجانی ٹاؤن، پی ٹی آئی ایم این اے پرمبینہ حملے اور اغوا کی کوشش

سرجانی ٹاؤن، پی ٹی آئی ایم این اے پرمبینہ حملے اور اغوا کی کوشش

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پی ٹی آئی ایم این اے پر مبینہ حملے اور اغوا کی کوشش کی گئی، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر پر مبینہ حملے اور اغوا کی کوشش کی گئی۔ دہشت گردی، جان سے مارنے کی کوشش اور اغوا کی دفعات کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔اس ضمن میں آفتاب جہانگیر نے بتایا کہ گزشتہ روز سرجانی میں غریب آبادی کے گھرمسمار کیے جا رہے تھے، قبضہ مافیا، کے ڈی اے اور پولیس کی ملی بھگت سے کارروائی کی جا رہی تھی۔ میں نے قانونی دستاویزات طلب کیں تو لوگوں نے حملہ کر دیا، سول کپڑوں میں کلاشنکوف بردار افراد نے فائرنگ کرکے ہراساں کیا۔انہوں نے بتایا کہ عامر ہمایوں مرزا نامی شخص اور دیگر حملے واغوا میں ملوث ہیں، حملہ آوروں نے اپنا تعلق پیپلزپارٹی اور زرداری ہاؤس سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اغوا کرنے، دھمکیاں دینے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرادیاہے تاہم پولیس نے ابھی تک کسی کو گرفتار نہیں کیا۔آفتاب جہانگیر نے کہا کہ واقع کی رپورٹ درج کرانے کے لیے تھانے جانا چاہا تو راستے میں روک لیا گیا، واقع کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، فوٹیج میں پولیس اہلکاروں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر /میٹروپولیٹن 4