اساتذہ اور ڈاکٹروں کے مسائل حل کیے جائیں، ابوعامر اعظمی

      اساتذہ اور ڈاکٹروں کے مسائل حل کیے جائیں، ابوعامر اعظمی

  



کراچی (پ ر)تنظیم اساتذہ سندھ کے صدر پروفیسر ابو عامر اعظمی، کراچی کے صدر شفیق الرحمن عثمانی، ہائر ایجوکیشن فورم کراچی کے صدر پروفیسر سید مظہر حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے اساتذہ اور عباسی شہید ہسپتال کے ڈاکٹرز گزشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ڈھائی ماہ سے ہڑتال پر ہیں۔ اس وجہ سے ایک جانب ہسپتال کے مریض علاج کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں تو دوسری طرف کالج کے طلباء و طلبات شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ ان کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے۔ خصوصاً فائینل ائیر کے طلباء و طالبات انتہائی پریشان ہیں۔ ایسا معلوم ہو تا ہے کہ میئر کراچی اور حکومت سندھ نے فیصلہ کر لیا ہے وہ مستقبل کے ڈاکٹروں کا مستقبل تباہ و برباد کرکے رہیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اقتدار کے نشے میں چور مدہوش ہیں۔ مریضوں اور مستقبل کے مسیحاؤں کی آواز ان تک نہیں پہنچ رہی ہے۔ تنظیم اساتذہ وزیر اعلیٰ سندھ اور میئر کراچی سے پُر زور مطالبہ کرتی ہے کہ صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں ہوش کے ناخن لیں اور فوری طور پر کے ایم ڈی سی کے ڈاکٹرز کے مسائل کو حل کریں ورنہ وہ اساتذہ طلباء و طالبات اور عوام کے ردِ عمل اور عتاب سے نہیں بچ سکیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر /میٹروپولیٹن 4