چوہدری شوگر مل کیس:احتساب عدالت نے 22نومبر تک سماعت ملتوی کر دی

چوہدری شوگر مل کیس:احتساب عدالت نے 22نومبر تک سماعت ملتوی کر دی
چوہدری شوگر مل کیس:احتساب عدالت نے 22نومبر تک سماعت ملتوی کر دی

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) احتساب عدالت لاہورمیں چودھری شوگر مل کیس کی سماعت ہوئی ،عدالت نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 22نومبر تک ملتوی کر دی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہورمیں چودھری شوگر مل کیس کی  سماعت ہوئی ،احتساب عدالت لاہورکے جج امیر محمد خان نے کیس کی سماعت کی ، نیب حکام نے یوسف عباس کو احتساب عدالت میں پیش کیا،وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف علالت کے باعث احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ہیں،نواز شریف کی طبیعت خراب ہے اور گھر میں ہی آئی سی یو بنا یا گیا ہے، وکیل صفائی نے نواز شریف کی میڈکل رپورٹ جمع کروا دی ،عدالت سے وکیل سے استفسار کیا کہ مریم نوازکے ضمانتی مچلکے کہاں ہیں؟وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضمانتی مچلکے جمع کروادیئے، اصل کاپی کورٹ میں ہے،عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیس کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا ؟پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس جلد ہی دائرکردیاجائےگا۔

عدالت نے مریم نواز سے استفسار کیا کہ آپ کورٹ میں پیشی کی ضمانت دے رہی ہیں ، جس پر مریم نواز نے عدالت کو بتایا کہ آج بھی مشکل تھا کہ ،میاں نواز شریف کو بمشکل چھوڑ کر آئی ہوں۔ضمانتی مچلکوں پر دستخط سے متعلق مریم نواز نے عدالتی عملے سے استفسار کیا کہ یہ دستخط کیوں کروائے جا رہے ہیں ، جس پرفاضل جج نے کہا کہ یہ اس لیے تاکہ اگر آپ پیش نہ ہوں تو ضامن کو بلایا جا سکے، آپ ضمانت دے رہی کہ آپ عدالت میں پیش ہو نگی، جس پر مریم نواز نے عدالت کو بتایا کہ یہ کیسے ممکن کہ عدالت بلائے اور میں حاضر نہ ہوں ۔نیب نے نواز شریف اور مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کر دی،عدالت نے نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ، احتساب عدالت نے نواز شریف ، مریم نواز اور یوسف عباس کو 22نومبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید : قومی


loading...