نوازشریف کا جاتی عمرہ میں بھی علاج جاری لیکن اب پلیٹ لیٹس میں کیا فرق پڑا ؟ خبرآگئی
لاہور(این این آئی،آن لائن)مسلم لیگ(ن) کے قائد وسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا اپنی رہائشگاہ جاتی امراء میں علاج معالجہ جاری ہے، سابق وزیر اعظم کے پلیٹ لیٹس مزید کم ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق
سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا اپنی رہائشگاہ جاتی امراء میں قائم کئے گئے انتہائی نگہداشت یونٹ میں علاج معالجہ جاری ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ نواز شریف نے دوسری صبح پھل کا ناشتہ کیا جبکہ شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم جو 24 گھنٹے نواز شریف کی طبی نگرانی پر مامورہے نے جاتی امراء میں نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکی ان کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز اپنے والد کی صحت و علاج معالجہ کی مکمل نگرانی کر رہی ہیں، نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر بھی نوازشریف کے پاس ہی موجود ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے جاتی امراء میں اپنے بڑے بھائی کی عیادت کی۔علاوہ ازیں وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی عیادت کی اجازت نہ مل سکی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کیلئے پورے ملک میں دعائیں ہو رہی ہیں،گلگت بلتستان والے نواز شریف کو اپنا محسن سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کی صحت سے کھلواڑ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ف کے دھرنے نے مہذب اور غیر مہذب ہونے کا فرق واضح کر دیاہے۔