تیسرا ٹی 20، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے ہدف دے دیا

تیسرا ٹی 20، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے ہدف دے دیا
تیسرا ٹی 20، پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے ہدف دے دیا

  



پرتھ (ڈیلی پاکستان آن لائن)تیسرے اور آخری ٹی ٹوینٹی میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 109 رنز کا نہایت آسان ہدف دے دیاہے ، پاکستانی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس میں افتخار احمد نے 46 رنز کی اننگ کھیلی، ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ بظاہر درست ثابت ہوا کیونکہ تیسرے ہی اوور میں مچل سٹارک نے کپتان بابراعظم کو 6 کے انفرادی سکور پر پویلین بھیج دیا۔ اگلی ہی گیند پر محمد رضوان بھی ان کا شکار ہو گئے اور کوئی سکور بنائے بغیر ہی چلتے بنے۔

سین ایبٹ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوتے ہوئے امام الحق کی وکٹ اڑا دی جو صرف 14 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 54 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب حارث سہیل ایشٹن اگر کو چھکا مارنے کی کوشش میں باﺅنڈری کے قریب کیچ ہو گئے۔ نوجوان کھلاڑی خوشدل شاہ بھی زیادہ دیر تک کریز پر ٹھہرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور صرف 8 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، محمد رضوان، حارث سہیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، محمد حسنین اور محمد موسیٰ شامل ہیں۔

آسٹریلین ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، بین میکڈرموٹ، ایشٹن ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹن اگر، سین ایبٹ، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور بلی سٹین لیک شامل ہیں۔

یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے اور وائٹ واش سے بچنے کیلئے قومی ٹیم کیلئے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔

مزید : کھیل


loading...