قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع

قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع
قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع

  



اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)اپوزیشن جماعتوں نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرادی ہے، حزب اختلاف نے موقف اختیار کیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے ایک دوسرے کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا،اپوزیشن نےڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کراتےہوئے کہا کہ ڈپٹی سپیکر ایوان کا اعتماد کھو چکے ہیں،مسلم لیگ (ن) کے رکن مرتضیٰ جاوید عباسی اور محسن شاہنواز رانجھا کی جانب سے عدم اعتماد کی قرارداد اور نوٹس سیکریٹری قومی اسمبلی کو جمع کروایا،ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا نوٹس آرٹیکل 53 کی شق 7 کے پیرا (سی) کے تحت جمع کروایا گیا ہے۔

تحریک عدم اعتماد کے اس نوٹس میں ڈپٹی سپیکر کے خلاف آئین اور قواعد کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں،اس قرارداد میں مختلف مواقع پر ڈپٹی سپیکر کی طرف سے آئین اور قواعد کی خلاف ورزیوں کے حوالہ جات دیے گئے ہیں اور کہا گیا کہ ڈپٹی سپیکر نے قواعد کی خلاف ورزی کی، قاسم سوری اسمبلی کے ارکان کا اعتماد کھو چکے ہیں،تحریک عدم اعتماد کے نوٹس کے 7 دن بعد قرارداد کو کارروائی کے لیے قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

مزید : قومی