آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کر دیا

آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کر دیا
آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کر دیا

  



پرتھ (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلیا نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 0-2 سے وائٹ واش کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پرتھ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلین کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان بابراعظم نے 6، محمد رضوان نے 0، امام الحق نے 14، حارث سہیل نے 8، افتخار احمد نے 45، خوشدل شاہ نے 8، عماد وسیم نے 6، شاداب خان نے 1، محمد عامر نے 9 اور محمد حسنین نے 4 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 18 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مچل سٹارک اور سین ایبٹ نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایشٹن اگر نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

آسٹریلین ٹیم نے مقررہ ہدف کپتان ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر کی جارحانہ اور ذمہ دارنہ بلے بازی کے باعث بغیر کسی نقصان کے 12 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ ایرون فنچ نے 34 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 47 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 35 گیندوں پر 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، محمد رضوان، حارث سہیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، عماد وسیم، شاداب خان، محمد عامر، محمد حسنین اور محمد موسیٰ شامل تھے۔

آسٹریلین ٹیم کی قیادت ایرون فنچ نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ وارنر، سٹیو سمتھ، بین میکڈرموٹ، ایشٹن ٹرنر، ایلکس کیری، ایشٹن اگر، سین ایبٹ، مچل سٹارک، کین رچرڈسن اور بلی سٹین لیک شامل تھے۔

یاد رہے کہ تین میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر رکھی ہے اور وائٹ واش سے بچنے کیلئے قومی ٹیم کیلئے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے۔

مزید : کھیل


loading...