القاعدہ کے وہ 2 بڑے رہنما جن کی گرفتاری پر امریکہ نے اتنے بڑے انعام کا اعلان کر دیا کہ کوئی تصور بھی نہ کر سکے گا
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکا نے القاعدہ کے دو اہم رہنماوں سعد بن عاطف العولقی اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو مجموعی طور پر 10 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے القاعدہ کے دو سینئر رہنماوں کے بارے میں معلومات کی فراہمی پر دس ملین ڈالر تک کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ امریکا ان رہنماوں کی گرفتاری یا ہلاکت پر مددگار کو انعامی رقم کی فراہمی اپنے انصاف کے لیے انعام اسکیم کے تحت جاری کرے گا۔اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ سعد بن عاطف العولقی کی گرفتاری میں مدد دینے والے کو 6 ملین اور ابراہیم احمد محمود القوصی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 4 ملین ڈالر انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔سعد بن عاطف العولقی یمن کے ایک صوبے میں القاعدہ کا رہنما ہے جو شدت پسندوں کو امریکا پر حملوں کے لیے کئی بار سرعام ترغیب دے چکا ہے جب کہ محمود القوصی کو بھی امریکی شہریوں اور املاک کے لیے خطرہ خیال کیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ انصاف کے لیے انعام نامی اسکیم کے تحت امریکی حکومت نے 35 برسوں میں 150 ملین ڈالر کی رقوم بطور انعامات خرچ کی ہے اور امریکی حکام اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کی ہلاکتوں کو اسی اسکیم کی کامیابی سمجھتے ہیں