سمگلنگ کا ناسور ملکی معیشت کے لئے زہر قاتل،موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ہے:عمران خان

سمگلنگ کا ناسور ملکی معیشت کے لئے زہر قاتل،موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ...
سمگلنگ کا ناسور ملکی معیشت کے لئے زہر قاتل،موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ہے:عمران خان

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرِ اعظم عمرا ن خان نے کہا ہے کہ سمگلنگ کا ناسور ملکی معیشت کے لئے زہر قاتل ہے جو نہ صرف ملکی وسائل اور آمدنی کو متاثر کرتا ہے بلکہ ملکی صنعتی کی تباہی کا باعث بنتا ہے،سمگلنگ کی موثر روک تھام حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نےان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت سرحدی علاقوں میں ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داد، معاون خصوصی  برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

  وزیرِ اعظم کو ملک کے سرحدی علاقوں خصوصا مغربی سرحدوں پر سمگلنگ کی روک تھام کے لئے کیے جانے والے اقدامات اور سرحدی علاقوں کی عوام کو روزگار کے متبادل ذرائع فراہم کرنے کی غرض سے ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجاویز کے حوالے سے لائحہ عمل پیش کیا گیا۔اس موقع پر وزیر اعظم  نے کہا کہ جہاں حکومت اسمگلنگ پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے وہاں اسے سرحدی علاقوں میں بسنے والی عوام اور خصوصا نوجوانوں کی معاشی مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں کی عوام کو روزگار کے لئے متبادل ذرائع کی فراہمی کے لئے ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجویز قابل تحسین ہے جس سے نہ صرف ان علاقوں میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوں گی بلکہ نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ٹریڈ مارکیٹس کے قیام کی تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا جائے۔

مزید : قومی


loading...