بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن آسٹریلیا کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کی مدد کریں گے؟ وسیم اکرم نے دلچسپ جواب دے دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ میتھیو ہیڈن کا تعلق اگرچہ آسٹریلیا سے ہے لیکن سیمی فائنل میچ میں وہ پاکستانی ٹیم کو ہی سپورٹ کریں گے۔
اے سپورٹس کے پروگرام کے دوران ٹوئٹر پر ایک صارف کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ پاکستان کے بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن کا تعلق آسٹریلیا سے ہے، کیا وہ سیمی فائنل مقابلے میں پاکستان ٹیم کو تیار کرپائیں گے اور کیا ٹیم کی خامیاں دور کریں گے؟
اس سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے کہا کہ یہ کوئی کچی جماعت کا میچ نہیں ہے۔ میتھیو ہیڈن ایک پروفیشنل آدمی ہیں جو پاکستان کی بیٹنگ بہتر کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ پاکستانی ٹیم ان کے ملک کے خلاف کھیل رہی ہے۔ آسٹریلیا والوں کا یہ مائنڈ سیٹ ہے کہ انہیں جس کام کیلئے رکھا جاتا ہے وہ پروفیشنل طریقے سے کرتے ہیں، وہ یقیناً پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ بہتر کرنے کیلئے کام کریں گے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل 11 نومبر کو پاکستانی وقت کے مطابق آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ مقابلوں میں اب تک پانچ بار آسٹریلیا کا سامنا کرچکی ہے اور ایک بار بھی کامیابی حاصل نہیں کر پائی۔