کسانوں کے لئے مراعات کا اعلان خوش آئند ہے، حاکم علی
کوئٹہ(اے پی پی):زمیندار ایسو سی ایشن کے ترجمان حاکم علی جمالی نے کہا ہے کہ1800ارب روپے مالیت کا کسان پیکیج زراعت کو بحران سے نکالنے میں کلیدی کردار کا حامل تاریخ ساز منصوبہ ثابت ہو گا، کھاد اور بیج کی قیمتوں میں رعایت اور زرعی شعبے کے لئے سستی بجلی پاکستان کو زرعی اجناس کی پیداوار میں خود کفیل بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں
سابقہ ادوار میں زراعت کے لئے کچھ نہیں کیا گیا تھا زمینداروں اور کسانوں کے مشترکہ اجلاس میں حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کسان پیکیج کے ثمرات کو ملکی ترقی میں سنگ میل قرار دیا ۔ اجلاس میں کھیر تھر اور پٹ فیڈر کمانڈ کے زمینداروں اور کسانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر زمیندار ایسو سی ایشن کے ترجمان حاکم علی جمالی نے میڈیا کے نمائندوں کوبتایا کہ زرعی شعبہ بے پناہ مسائل میں جکڑا ہوا ہے مہنگائی کی حالیہ لہر نے زمیندار اور کسان کی کمر توڑ دی ہے۔
مہنگے زرعی اخراجات اور اجناس کی قیمتوں میں گراوٹ سے زرعی شعبہ آخری سانسیں لے رہا ہے تاہم وزیراعظم کے کسان پیکج کی بدولت زراعت میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن بد قسمتی سے سابقہ ادوار میں اس جانب توجہ نہ دینے سے زراعت کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے دنیا کا سب سے بڑا اور مربوط نہری نظام ہونے کے باوجود پاکستان میں گندم کا بحران سمجھ سے بالا تر ہے زمینداروں اور کسانوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے اقدامات کو ملکی ترقی کے لئے سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ کسان پیکیج پر مکمل عملدرآمد سے زراعت کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ یقینی ہے تاہم انہوں نے کہا 1800ارب روپے کے پیکج پر عمل دارآمد کے لئے مانیٹرنگ سسٹم کو فعال کیا جائے تاکہ اس پیکج کے ثمرات کسان تک پہنچ سکے سیلاب سے متاثرہ کاشتکار کمیونٹی کو دی گئی سبسڈی پر ربیع سیزن سے قبل ہی عمل در آمد کیا جائے انہوں نے ٹیوب ویلز کے لئے بجلی کے کنکشن کے حصول کا آسان طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سیلاب سے متاثرہ نہری نظام کی بحالی کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔