آئر لینڈ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان آئیگی
لاہور(این این آئی) چیف ایگزیکٹو کرکٹ آئرلینڈ ویرن ڈیوٹرم نے کہا ہے کہ اب کوئی وجہ نہیں ہے کہ کوئی ٹیم پاکستان کا دورہ نہ کرے،دو تین برسوں سے پاکستان میں تسلسل کے ساتھ کرکٹ ہو رہی ہے، پی ایس ایل میں انٹرنیشنل کرکٹرز آ رہے ہیں۔ایک انٹرویومیں چیف ایگزیکٹو کرکٹ آئرلینڈ ویرن ڈیوٹرم نے کہا کہ مجھے امید ہے جلد مینز آئرلینڈ ٹیم بھی پاکستان آئے گی اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ اسی طر ح سے چلتا رہے گا، فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان نے آئرلینڈ آنا ہے لیکن ابھی ہم پاکستان کے دورے کے لیے آپس میں بات چیت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی شروعات شاندار ہے اور دو تین برسوں سے کئی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے کیونکہ آئرلینڈ کے فل ممبر بننے کے بعد ہم نے پاکستان ٹیم کو پہلا ٹیسٹ کھیلنے کی دعوت دی پی سی بی نے دعوت قبول کی اور 2018ء میں پاکستان ٹیم نے دورہ کیا، ہم نے پہلا ٹیسٹ کھیلا۔