ولی عہد کے 21نومبر کو پاکستان کے دورے کا امکان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان رواں ماہ پاکستان آئیں گے،۔یہ دورہ 21 نومبر کو ہونے کا امکان ہے، رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب کی خصوصی سکیورٹی ٹیم پاکستان پہنچے گی، سعودی خصوصی سکیورٹی ٹیم ایم بی ایس کے دورے کے حوالے سے سکیورٹی انتظامات کا حتمی جائزہ لے گی۔سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آوٹ پیکج ملنے کی توقع ہے، محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری متوقع ہے، دورے کے دوران متعدد پاک سعودی پیٹرولیم معاہدوں کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے پٹرولیم کے شعبہ میں آئل ریفائنری کے قیام پر معاہدہ بھی متوقع ہے، سعودی عرب گوادر میں جدید آئل ریفائنری کے قیام میں مدد کرے گا، گوادر میں 10 ارب ڈالرز کی لاگت سے جدید آئل ریفائنری کے قیام کی سعودی عرب چین کے ساتھ مل کر مدد کرے گا، چینی کمپنیاں اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ابتدائی طور پر ریفائنری کو چلائیں گی۔سفارتی ذرائع کے مطابق موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال میں کسی قسم کی مزید خرابی سعودی ولی عہد کے دورے میں رکاوٹ پیدا کر سکتی ہے، اوپیک میں امریکا مخالف سعودی حکمت عملی پر پاکستان کی حمایت سے سعودی عرب پاکستان سے خوش ہے۔
سعودی ولی عہد