فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،غیر قانونی منرل واٹر کمپنی کی پروڈکشن بند
لاہور (اپنے نمائندہ سے) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر منظور شدہ واٹر فلٹریشن و ڈرنکنگ واٹر کمپنی اصلاح تک بند کردی۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نشتر ٹاؤن میں غیر منظور شدہ واٹر فلٹریشن و ڈرنکنگ واٹر کمپنی پر اچانک چھاپہ مارا اور 5 ہزار لیٹر تیار بوتلیں، 6ہزار کا سٹاک موقع سے برآمد کر کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے ۔ ڈی جی فوڈ مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ کمپنی اور لیبل رجسٹرڈ نہ کروانے پر پروڈکشن اصلاح تک بند کردی گئی ہے، ملازمین کے میڈیکلز، ٹریننگ سرٹیفکیٹس اور ریکارڈ عدم دستیاب پائے گئے، غیر رجسٹرڈ کمپنی اور بوتلوں پر نامکمل لیبلنگ پائے جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈی جی فوڈاتھارٹی نے کہا کہ منرل واٹر فروخت کرنیوالی کمپنیوں کا پنجاب فوڈاتھارٹی سے رجسٹرڈ ہونا لازم ہے، کمپنیاں پانی کی فروخت کیلئے مکمل لیبلنگ اورفوڈ گریڈ بوتلوں کا استعمال ہر صورت یقینی بنائیں، مارکیٹ میں سپلائی ہونے والے منرل واٹر سیمپل فیل ہونے کی صورت میں سٹاک تلف کردیا جاتا ہے۔مدثر ریاض ملک نے کہا کہ معیاری پانی کی یقینی فراہمی کیلئے واٹر سیفٹی ٹیمیں واٹر فلٹریشن پلانٹس کی سرپرائز چیکنگ کرتی ہیں۔
، قوانین کے خلاف کسی بھی فوڈ پوائنٹ کو خوراک کا کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔