سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی تقسیم کی نگرانی کا عمل تیز
پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں سرکاری کوٹے کے تحت آٹے کی تقسیم کی نگرانی کا عمل مزید تیز کردیا ہے، ڈائریکٹر محکمہ خوراک ریحان خٹک نے وزیر خوراک خیبرپختونخوا عاطف خان کی ہدایت پر صوبائی درالحکومت پشاور میں راشن کنٹرولر جمشید خان آفریدی کے ہمراہ صبح سویرے مختلف فلور ملز کے دورے کئے۔ جہاں پر انہوں نے سرگاری گندم، اور آٹے کے تقسیم کار کے حوالے سے موجود تمام ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ فلورملز میں ڈیلرز کو سرکاری کوٹے کے تحت ریلیز ہونے والے آٹے کا ریکارڈ بھی چیک کیا، ڈائریکٹر محکمہ خوراک ریحان خٹک نے فلور ملز مالکان کو سرکاری کوٹے کے تحت موصول ہونے والے گندم سمیت ڈیلرز کو دی جانے والے آٹے کا باقاعدہ ریکارڈ کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی، اور کہا کہ آٹے ڈیلرز کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈائریکٹر محکمہ خوراک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک عوام تک بارعایت آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے بھر پور طریقے سے کوشاں ہے، ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کی طرح پشاور میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے یونین کونسل کی سطح پر آٹا ڈیلر مقرر کر دیے گئے ہیں تاکہ غریب عوام کو آٹا سرکاری قیمت پر شفاف اور منصفانہ طریقے سے مل سکے اس سلسلے میں ڈائریکٹر محکمہ خوراک ریحان گل خٹک اور راشن کنٹرولر نے ڈیلرز کو سختی سے ہدایات کی کہ سرکاری آٹا خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے غریب عوام کی فلاح کے لئے ہے اس میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگزقابل قبول نہیں۔ اور آٹا کی خوردبرد یا چوری میں ملوث کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، اور ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر محکمہ خوراک اور راشد کنٹرول نے روزمرہ کی بنیاد پر ان کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا تاکہ غریب عوام کو سبسیڈائز آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔