الخدمت نے سیلاب متاثرین کیلئے60مکان بنا کر حوالے کردیئے
کراچی(پ ر)الخدمت کراچی شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے تعمیر وطن پروگرام کے تحت ملک کے دیگر علاقوں کی طرح گڈاپ کے سیلاب متاثرین کیلئے مقامی طرز تعمیر کے مطا بق مکانات کی تعمیر کے منصوبے پر کام جاری ہے۔پہلے فیز میں گڈاپ کے 60سیلاب متاثرین کو مقامی طرز کے مکان بنا کر دیئے گئے ہیں۔متاثرین بارشوں کے بعد سے الخدمت کی خیمہ بستی میں مقیم تھے۔گزشتہ روز ایگز یکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم کے ہمراہ گڈاپ کا دورہ کیا اور وہاں الخدمت کے جاری پروگرام کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔انہوں نے متاثرین کے مسائل معلوم کیے۔الخدمت کی وہاں موجود ٹیم نے گھروں کی تعمیر سے متعلق جاری کاموں کی تفصیلات بتائیں۔راشد قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ملک بھر میں آنے والی بارشوں اور سیلاب کے سبب سے پہلے گڈاپ کا علاقہ متاثر ہوا تھا،جہاں بڑی تعداد میں گھر تباہ ہوئے۔متاثرین کیلئے الخدمت نے یہاں خیمہ بستی قائم کی۔انہیں ان خیموں میں رکھا گیا۔ان کی دیکھ بھال کی گئی۔کھانا،پانی،راشن اور دیگر ضروری سامان زندگی پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اپنے تعمیر وطن پروگرام کے تحت متاثرین کو ایک اور دو کمروں کے مکان تعمیر کر کے د ے گی تاکہ وہ باعزت طریقے سے اپنے گھروں میں رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے مشکل گھڑی ہے۔ موسم سرما کا آغاز ہو رہا ہے۔گھروں کے بغیران متاثرین کی مشکلات میں میں شدید اضافہ ہو گا۔مزید مکانات کی تعمیر کا کام جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ جن متاثرین کی زمینیں تباہ ہوئیں انہیں کاشت کاری کیلئے بیج اور جن گے مویشی ہلاک ہو ئے انہیں مویشی فراہم کیے جائیں گے۔راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت نے ملک میں آنے والے زلزلوں اور سیلابوں میں بھرپورکام کیا اور قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہے۔متاثرین کی مکمل بحالی تک کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ الخدمت کے تعمیر وطن پروگرام میں مکانات کی تعمیر کیلئے تعاون کریں۔