گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلیغ الرحمان نے گورنر سندھ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد یتے ہوئے گورنر سندھ کو لاہور آنے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں دونوں صوبوں میں تعاون میں اضافہ،مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلہ پر بات چیت اور سماجی شعبہ کی ترقی، نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقعوں کی فراہمی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاکستان کو ہر شعبہ میں چیلنجز کا سامنا ہے اور اس وقت ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں باہمی تعاون ملک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ گورنر سندھ کی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان آج(منگل) 8 نومبر کی دوپہر ڈا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پہنچ کر سندھ انسٹیٹیوٹ آف ایڈوانس گیسٹرو انٹرولاجی (SIAG)سیاگ کے جاری کام کا معائنہ کریں گے۔ سیاگ کا قیام سرجیکل وارڈ 4، ڈاکٹر رتھ کے ایم فا سول اسپتال کراچی میں کیا جا رہا ہے۔ اس کے قیام کا بل سندھ اسمبلی نے 5 جولائی 2022 کو منظور کیا تھا جبکہ حکومت سندھ نے 31 اکتوبر کو پروفیسر سعد خالد نیاز کو سیاگ کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا ہے۔ سیاگ 700 ملین (70 کروڑ) روپے کی لاگت سے رواں سال کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا۔ "سیاگ" پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ پروفیسر سعد خالد نیاز 2006 سے سول اسپتال میں مستحق مریضوں کی مفت ایڈوانس اینڈوسکوپی کی خدمات فراہم کر رہے ہیں جو بلا معاوضہ مگر معیار کے ساتھ اب مصروف اور جدید ترین سہولت میں تبدیل ہوگئی ہے۔سندھ حکومت نے اس سہولت کی اہمیت کے پیش نظر "سیاگ" کے لئے سول اسپتال کے دو وارڈز مختص کر دیے ہیں۔اس سہولت کے نتیجے میں سالانہ تین ہزار مریضوں کو اینڈوسکوپی کی جدید سہولت مفت فراہم کی جارہی ہے۔ "سیاگ" میں جدید مشینز تعمیر شدہ عمارت میں نصب ہونے کے بعد دس ہزار مریض سالانہ اس مفت سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ "سیاگ" میں جو لبلبے کی نالی کی پتھری کی مشین ایکسٹرا کار پوریل شاک ویو لیتھوٹرپسی (ESWL) بھی نصب کی جا رہی ہے۔ یہ پاکستان میں نصب ہونے والی اپنی نوعیت کی پہلی مشین ہوگی پاکستان سے پہلے اس خطے میں بھارت کے دو مراکز میں نصب ہے، ان مراکز کے سوا کہیں نصب نہیں۔ "سیاگ" کے قیام سے صوبے کی آبادی کے ایک بڑے حصے کو جو کہ غریبوں پر مشتمل ہے مفت ایڈوانس علاج کی وہ سہولت حاصل ہو سکے گی جو پاکستان کے نجی شعبے میں بھی دستیاب نہیں ہے۔ڈا یونیورسٹی پہنچنے پر وائس چانسلر منگل کی
دوپہر پروفیسر محمد سعید قریشی اور سیاگ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر سعد خالد نیاز گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن کا خیر مقدم کریں گے۔ جس کے بعد انہیں سول اسپتال سیاگ کے زیر تعمیر پروجیکٹ کے معائنے کیلئے لے جایا جائے گا۔