سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے نوٹیفکیشن پر حکم امتنازع کی استدعا مسترد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے نوٹیفکیشن پر حکم امتنازع کی استدعا مستردکردی، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے غلام محمود ڈوگر کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کی معطلی کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی،وفاقی حکومت کے وکلا اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق عدالت نے استفسار کیاکہ سرکاری ملازم براہ راست ہائیکورٹ سے کیسے رجوع کر سکتا ہے؟ وکیل سی سی پی اونے استدعا کرتے ہوئے کہاکہ سی سی پی او کی معطلی کا حکم نامہ معطل کیا جائے ، عدالت نے کہاکہ سی سی پی او لاہور کا حکم کس قانون کے تحت معطل کریں ؟
وکیل سی سی پی اونے کہاکہ سی سی پی او کو شوکاز نوٹس جاری ہوا نہ موقف سنا گیا، وفاقی حکومت نے ایک لائن کا حکم نامہ جاری کردیا،عدالت نے کہاکہ حکم نامہ ایک لائن کا ہی ہوتا ہے ، پھر درخواست گزار کہے گا میری مرضی کی تعیناتی بھی کرو، ہم ایسا نہیں کر سکتے ۔عدالت نے سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی معطلی کے نوٹیفکیشن پر حکم امتنازع کی استدعا مستردکردی، عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے غلام محمود ڈوگر کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی ۔