اینٹی ایئر کرافٹ گن پولیس کے پاس نہیں، ڈاکوؤں اس سے لیس ہیں: وزیراعلٰی سندھ
سکھر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے دعوی کیا ہے کہ اینٹی ایئر کرافٹ گن پولیس کے پاس نہیں ہے مگر ڈاکوؤں کے پاس ہے، جو ہتھیار ان کے پاس ہیں وہ یہاں سے نہیں بلکہ باہر آرہے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے شہید ایس ایچ او عبدالمالک کمانگر کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ گھوٹکی میں کچے کے علاقے میں پولیس افسران شہید ہوئے ہیں جس پر دکھ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 سال قبل شاہراہوں پر پولیس اور فوج کی سیکیورٹی میں سفر ہوتا تھا لیکن اس وقت سندھ کا کوئی ایسا علاقہ نہیں ہے جو نو گو ایریا کہا جاسکے۔ انہوں ں ے کہا کہ گھوٹکی کشمور اور شکار پور کے علاقے مشکل علاقے ہیں، مغوی نوجوانوں کی بازیابی کیلئے آپریشن میں شہادتیں ہوئی ہیں لیکن یہاں بھی امن قائم کریں گے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پولیس کو یہی ٹاسک دیا ہے کہ اسلحے کی رسد ختم کی جائے، جدید اسلحے کی خریداری کیلئے ساڑھے تین ارب کی منظوری دی ہے۔پی پی کے رہنما اور وزیراعلی سندھ نے اعتراف کیا کہ گھوٹکی ضلع میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے، گھوٹکی میں مزید تھانوں کے قیام کی منظوری دی ہے۔