وفاقی وزیر آئی ٹی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر برس پڑے، میں وزیر نہ رہا تو آپ بھی نہیں رہیں گے: امین الحق
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق آئی ٹی پارک منصوبے کے سنگ بنیاد کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر برس پڑے۔کراچی میں وفاقی وزیر امین الحق نے آئی ٹی پارک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کا حکم ہے کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر کو ریلیف دینا ہوگا، اسحاق ڈار سے کہتا ہوں کہ اپنے رویے میں تبدیلی لے کر آئیں۔سید امین الحق نے کہا کہ وزیر خزانہ کو اچھی طرح معلوم ہے کہ میں کیا کہہ رہا ہوں، ہٹ دھرمی نہیں چلے گی، آپ وزیراعظم کی ہدایت پر عمل درآمد کریں، میں اگر وزیر نہیں رہوں گا تو آپ بھی وزیر نہیں رہیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرخزانہ نے ہماری وزارت کے تمام پروپوزل روکے ہوئے ہیں، 15دن پہلے زراعت کیلئے کام ہوئے لیکن میں کس طرح کمپنیوں کو بلاؤں گا؟۔اس سے قبل تقریب سے خطاب کے دوران امین الحق نے کہا کہ وزیر اعظم کا ویژن بھی ڈیجیٹل پاکستان ہے، 11منزلہ عمارت میں 8 بالائی اور 3 زیریں منازل تعمیر ہوں گی، عمارت میں ملکی و بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیوں کے دفاتر اور 20 ہزار آسامیاں پیدا ہوں گی۔امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی پارک 6 ایکڑ کے رقبے پر محیط ہوگا، آئی ٹی پارک میں کلاس روم، ڈیجیٹل لائبریری اور دیگر چیزیں ہوں گی، اس منصوبے پر 42 ارب روپے کی لاگت آئے گی اور یہ جون 2026 میں مکمل ہوگا لیکن ہماری کوشش ہے کہ وقت سے پہلے دسمبر 2025 تک آئی ٹی پارک منصوبہ مکمل کریں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کو ڈیجیٹل گیٹ وے بنانے اور ملکی معیشت میں آئی ٹی پارک اہم کردار ادا کریگا، وہ اس موقع پر اسدعمر کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ ان کی کوششیں بھی اس میں شامل تھیں۔امین الحق نے کہا کہ پچھلے 3 سال میں ہم نے دیہی سندھ میں 70 کے لگ بھک پراجیکٹس شروع کئے، 16ارب روپے کی لاگت سے مزید منصوبے شروع کررہے ہیں، آج کے ڈیجیٹل دور میں ترقی کے لے کنیکٹی ویٹی(مواصلاتی رابطہ)لازمی ہے،سندھ میں کنیکٹی ویٹی کے لیے ہم نے 72 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔