ناروے کی شہزادی نے روحانی گرو کے چکر میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کا اعلان کردیا
اوسلو (ڈیلی پاکستان آن لائن) ناروے کی شہزادی مارتھا لوئیس نے اپنی شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو کر اپنے منگیتر کے ساتھ متبادل ادویات کے کاروبار پر توجہ مرکوز کر دی۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق 51 سالہ شہزادی کے ہالی وڈ کے مشہور خود ساختہ روحانی گرو ڈیرک ویریٹ کے ساتھ تعلقات نے ناروے میں اس وقت ہنگامہ پیدا کر دیا تھا جب گرو نے اپنی کتاب 'اسپرٹ ہیکنگ' میں تجویز کیا کہ کینسر ایک انتخاب ہے۔
ڈیرک ویریٹ اپنی ویب سائٹ پر 222 ڈالر کا ایک تمغہ بھی فروخت کرتا ہے جسے 'اسپرٹ آپٹیمائزر' کا نام دیا گیا ہے، جس کے بارے میں اس کا دعویٰ ہے کہ اس نے عالمی وبا پر قابو پانے میں مدد کی۔
ستمبر میں ہونے والے ایک سروے میں پایا گیا کہ 17 فیصد نارویجن اب عام طور پر مقبول شاہی خاندان کے بارے میں اچھی رائے نہیں رکھتے۔ شاہی خاندان کی مقبولیت میں کمی کی وجہ اسی شہزادی اور اس کے منگیتر کو قرار دیا جاتا ہے۔
منگل کو انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں شہزادی نے کہا کہ وہ 'رائل ہاؤس میں سکون لانے کے لیے' استعفیٰ دے رہی ہیں۔ شاہی محل نے شہزادی کے شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ شاہی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بادشاہ کی خواہش کے مطابق شہزادی اپنا لقب برقرار رکھے گی۔