ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے قائم خدمت مرکز کا افتتاح
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے قائم "کاس کیڈ" خدمت مرکز کا افتتاح کر دیا۔
ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ میں پہلی بار "کاس کیڈ" جدید ترین خدمت مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ، جس کے تحت ڈپلومیٹک کمیونٹی اور غیر ملکی شہریوں کو 12 سے زائد خدمات ایک چھت تلے ملیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سفارتکاروں کی سہولت کیلئے "کاس کیڈ" خدمت مرکز کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءو تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس تصدیق، گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن کی سہولت میسر ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کی رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، رضا کاروں کی رجسٹریشن،گاڑیوں کی تصدیق اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی، وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق سفراءاور غیرملکیوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔