شیخ زید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ فیس کم کرنے کے احکامات

شیخ زید میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلہ فیس کم کرنے کے احکامات

لاہور(نامہ نگارخصوصی)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس عمر عطا ءبندیال نے شیخ زیدمیڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلوں پر فیسیں کم کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔فاضل جج نے درخواست کو نمٹاتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ 3 ماہ کے اندر کالج کے بورڈ آف گورنرز کا قیام عمل میں لائیں۔فاضل عدالت نے کالج انتظامیہ کو فیسوں میں ایک لاکھ دس ہزار روپے کم کرنے کا حکم دیاہے۔لاہور ہائی کورٹ کے روبرو نوشاب اے خان ایڈووکیٹ نے شیخ زید میڈیکل کالج میں زائد فیسوں کی وصولی کو چیلنچ کر رکھا تھا ۔ گذشتہ روز دوران سماعت فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ چونکہ کالج انتظامیہ کی جانب سے 4لاکھ 75ہزار روپے فیس کی وصولی کے لیے مجاز اتھارٹی سے منظور نہیں لی گئی تھی جبکہ اس حوالے سے 3 لاکھ 65ہزار رپے منظور کئے گئے تھے اس لیے اب کالج انتظامیہ 1لاکھ 10 ہزار روپے داخلہ لینے والوں کوواپس کریں گے۔جبکہ دوسری جانب فاضل عدالت نے صوبائی حکومت کو 90دنوں کے اندر کالج بورڈ آف گورنرز مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر