باہمی تجارتی حجم میں اضافے کیلئے اقدامات کرناہونگے: بلجئیم سفیر

باہمی تجارتی حجم میں اضافے کیلئے اقدامات کرناہونگے: بلجئیم سفیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)بیلجئم کے سفیر فریڈرک ورہیڈن نے کہا ہے بیلجئم اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم کو مطلوبہ سطح تک لے جانے کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے یہ بات لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد اور نائب صدر ناصر سعید سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سفیر نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھ رہی ہے لیکن یہ مطلوبہ سطح پر نہیں۔ دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے انہوں نے لاہور چیمبر کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سفیر نے شیخ محمد ارشد اور ناصر سعید کی اس تجویز سے بھی اتفاق کیا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد دوطرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا کہ پاکستان کو غیرملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وافر مواقع ہیں جن سے بیلجئم کے تاجروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست ملک ہے، غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پالیسیاں بہترین ہیں ، جبکہ منافع اور سرمایہ واپس وطن بھجوانے پر بھی کوئی پابندی عائد نہیں، حکومت پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت مہیا کررہی ہے۔

شیخ محمد ارشد نے توقع ظاہر کی کہ بیلجئم پاکستانی مصنوعات کو اپنی مارکیٹوں تک بھرپور رسائی مہیا کرے گا تاکہ باہمی تجارت کا حجم دو ارب ڈالر تک پہنچ سکے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ بیلجئم انجینئرنگ، آٹوموبیل سیکٹر، کیمیکل انڈسٹری، کرسٹل اور گلاس پروڈکٹس، الیکٹریکل گڈز میں مہارت رکھتا ہے اور ان شعبوں میں پاکستان کی بھرپور مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلجئیم یورپین یونین کا بہت اہم ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان کے لیے بہت مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مستقل بنیادوں پر وفود کے تبادلے اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید :

کامرس -