یوفون نے ہواوے کے ساتھ خدمات کے انتظام کا معاہدہ کرلیا

یوفون نے ہواوے کے ساتھ خدمات کے انتظام کا معاہدہ کرلیا

  

لاہور(پ ر) پاکستان کے صف اول کے ٹیلی کام آپریٹر یوفون نے اپنے صارفین کو پہلے سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے بین الاقوامی ٹیلی کام کمپنی ہواوے (Huawei) کے ساتھ خدمات کے انتظام (Managed Services)کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ قبل ازیں گزشتہ سال باقاعدہ روایتی پیشکش (Request For Proposal) متعارف کرائی گئی تاکہ معروف ٹیلی کام کمپنیوں کو مدعو کیا جاسکے اور وہ اپنی پیشکشیں سامنے لائیں کہ وہ یوفون کی کس طرح مدد کرسکتے ہیں جس سے وہ اپنا ہدف حاصل کرلے۔ ہواوے ایک بین الاقوامی کمپنی ہے جو پورے مشرق وسطیٰ میں خدمات کی فراہمی کا انتظام کرتی ہے اور مختلف سطحوں پر غور و خوض کے بعد اسے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے ۔ غور و خوض کے اس عمل میں ٹیلی کام شعبہ کے اسٹیک ہولڈرز، اتصالات گروپ اور یوفون شامل رہے جس کے بعد معاہدے کے لئے ہواوے کا انتخاب کیا گیا۔

اس پیش رفت کے بارے میں یوفون کے چیف ٹیکنیکل آفیسر جعفر خالد نے بتایا، "ہواوے نے کئی سالوں سے یوفون کے نیٹ ورک سے متعلق دیکھ بھال کا انتظام سنبھالا ہوا ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں اس کے ساتھ پہلے سے قائم اچھے تعلقات اور کم لاگت کا فائدہ اٹھانا چاہییے، یہ وہ نمایاں پہلو ہیں جن کی بدولت ہم اس سطح پر پہنچ گئے ہیں کہ مسابقت پر بھرپور توجہ مرکوز رکھ سکیں۔ ان سب سے بڑھ کر ہماری پہلی ترجیح اپنے صارفین کو پہلے سے بھی زیادہ بہتر خدمات فراہم کرنا ہے۔ "ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کے سی ای او، اراگون مینگ (Aragon Meng) نے بتایا،"ہم دنیا کی اولین 30 کمپنیوں میں سے 23 کمپنیوں کو خدمات کے انتظام (Managed Services)کی فراہمی میں مہارت رکھتے ہیں، وہ اہم معلومات اور بین الاقوامی تجربہ اب پاکستان میں استعمال کیا جائے گا تاکہ یوفون کے نیٹ ورک میں وسعت لاکر اس میں مزید توسیع کی جائے ۔ ہم سرگرم پاکستانی آپریٹر کے ساتھ شراکت داری پر بہت پرجوش ہیں۔ "ہواوے بین الاقوامی خدمات فراہم کنندہ کے طور پر فی الوقت 80 ممالک میں 150 سے زائد نیٹ ورکس کا انتظام سنبھالی ہوئی ہے اور تین براعظموں ایشیا، افریقہ اور شمالی امریکہ کے 16 ممالک میں سروس سینٹرز چلانے کا انتظام ہے۔

مزید :

کامرس -