نجی سکولوں میں بھی ڈینگی مہم کی مانیٹرنگ کی جائے،عبداللہ سنبل

نجی سکولوں میں بھی ڈینگی مہم کی مانیٹرنگ کی جائے،عبداللہ سنبل

  

لاہور(خبر نگارخصوصی)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ انسداد ڈینگی کے لیے سرکاری اسکولوں کے ساتھ ساتھ نجی اسکولوں میں بھی زیرو پیریڈ اور اسکول اسمبلی میں آگاہی مہم کی جانچ کے لیے انتظامی افسر ضرور بھیجے جائیں اور مختلف جگہوں سے ملنے والے لاروا کی سیروٹائپنگ ضرور کرائی جائے تاکہ لاروا کے وائرل اور نان وائرل ہونے کو بھی چیک کیا جاسکے۔ انہوں نے ضلع شیخوپورہ کے حوالے سے انسداد ڈینگی کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شرقپور اور فیروزوالہ کی رپورٹ کے مطابق دو قبرستانوں میں فوگنگ متعلقہ ای ڈی او ہیلتھ کی سفارش سے کی جائے۔ کمشنر لاہور نے ڈی سی او شیخوپورہ کو ہدایت کی کہ فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں اور کارکنان کے لیے خصوصی سیمینار کا اہتمام کیا جائے جس میں وہ خود اور منتخب نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع شیخوپورہ میں حالیہ اعداد و شمار تسلی بخش ہیں مگر تصدیق و جانچ کے پیمانوں کو مزید سخت کیا جائے تاکہ کوئی گوشہ نہاں نہ رہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ جس عزم کے ساتھ انسداد ڈینگی لاروا مہم جاری ہے آنے والے دنوں میں دیگر مصروفیات کی وجہ سے اس کی سطح کسی طور پر بھی کم نہ ہوں۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار شیخوپورہ میں انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید، ای ڈی او ہیلتھ شیخوپورہ ڈاکٹر افتخار، قائم مقام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ندیم ذاکر، ڈائریکٹر ڈاکٹر حبیب اﷲ اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد امجد نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -