غلام حیدر وائیں شہید نے ساری زندگی مسلم لیگ کا پرچم بلند رکھا،رفیق تارڑ

غلام حیدر وائیں شہید نے ساری زندگی مسلم لیگ کا پرچم بلند رکھا،رفیق تارڑ

  

لاہور(جنرل رپورٹر) غلام حیدر وائیں نے اپنی ساری زندگی مسلم لیگ کا پرچم سربلند کرنے اور عوامی خدمت کے کام سرانجام دینے میں صرف کردی غلام حیدر وائیں اپنے اچھے کارناموں کی بدولت ہمیشہ زندہ رہیں گے ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں ممتاز مسلم لیگی رہنما اور پنجاب کے سابق وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں شہید کی 22ویں برسی کے سلسلے میں خصوصی نشست سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس نشست کے مہمانان خاص وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور رکن قومی اسمبلی بیگم مجیدہ وائیں تھے۔ نشست کا اہتمام نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد ارشد،مسلم لیگی رہنما اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری محمد اسلم زار ایڈووکیٹ،مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما میاں غلام حسین شاہد ،عزیز ظفر آزاد ،سید نصیب اللہ گردیزی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہدرشید نے اداکیے۔محمد رفیق تارڑ نے کہا کہ دنیا میں وہی لوگ زندہ رہتے ہیں جو اپنے آپ کو انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کر دیتے ہیں، غلام حیدر وائیں بھی انہی میں سے ایک شخص تھے۔ ان کی تعلیمی اور سماجی خدمات کی بنا پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہ سچے مسلم لیگی ،قائداعظمؒ کے سپاہی اور سرسید احمد خان کے پیروکار تھے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -