کشمیری شہداء کی قربانیوں کورائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ،نعیم خان
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماء اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمدخان پارٹی وفد کے ہمراہ گزشتہ ماہ فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان فیاض احمد بٹ کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے پٹن کے علاقے وائیلو گئے۔
انہوں نے اس موقع پر شہید کے والدین کو یقین دلایا کہ ان کے فرزند کی قربانی کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا ۔ انہوں نے فیاض احمد کے علاوہ حال ہی میں پلوامہ کے علاقے ترال میں شہید ہونے والے دو نوجوانوں کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ادھر متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے بھی ترال میں شہید ہونے والے دو کشمیری نوجوانوں انہوں نے مظفر آباد میں حزب المجاہدین کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شہداء کی قربانیوں کی لاج رکھنا ہماری ذمہ داری ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر ضرور ایک وحدت بن کر جلد ہی دنیا کے نقشے پر ابھرے گی اوربھارت جموں و کشمیر کے حریت پسند عوام کی خو ہشات کو زیادہ دیر تک دبا نہیں سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیا سی ،سفارتی اور عسکری سطح پر جدوجہد روز بروز تقویت حاصل کررہی ہے اور جس سے بھارتی حکمران اور افواج شدید نفسیاتی دباؤ کا شکار ہیں اور وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر رہنماء نور محمد کلوال کی والدہ اور حریت رہنماء محمد سلطان بٹ کی اہلیہ کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے ۔