حکومتی اقدمات سے معیشت میں بہتری اور ترقی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے ، نواز شریف

حکومتی اقدمات سے معیشت میں بہتری اور ترقی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے ، نواز ...

  

اسلام آباد(آن لائن ،اے این این) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث معیشت میں بہتری اور ترقی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے،ہم نجی شعبے کو اچھا اقتصادی ماحول فراہم کر رہے ہیں،پاکستان کو معیاری سڑک کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں سے ملانا ہماری پہلی ترجیح ہے،اس مقصد کے لئے گوادر بندرگاہ کو جدید بنایا جا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کرنے والے ا یشین انفراسٹرکچر انوسٹمنٹ بینک کے نامزد صدر جن لی کوئن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جن لی نے نئے بینک کے قیام کے لئے وزیراعظم اور حکومت پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔انھوں نے کہا کہ بینک کے قیام کا مقصد، توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں ایشیائی ممالک کی مالی مدد کرنا ہے ، بینک کے حصص کی زیادہ تعداد ایشیائی ممالک کے پاس ہے۔ ایشین انفرانسٹرکچر انوسٹمنٹ بنک بنیادی ڈھانچے اور معاشی طور پر سودمند دوسرے منصوبوں میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت نے توانائی، انفراسٹرکچر کے شعبوں میں چین کی مدد سے بہت سے وسائل کی سرمایہ کاری کی ہے ، بیشتر منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اعلی معیار کی سڑک کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں سے ملانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ، اس مقصد کیلئے گوادر کو جدید بندرگاہ کے طور پراپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔نجی شعبے کو ایک اچھا اقتصادی ماحول مہیا کر رہے ہیں ، پاکستان کی اقتصادی ترقی بہتری کی طرف گامزن ہے۔حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور ہماری توجہ نجی شعبے کو سازگار ماحول فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بحالی کی طرف گامزن ہے اور اقتصادی شرح نمو میں بہتری آئی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں واضح بہتری آرہی ہے ، پاکستان کی ترقی کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -