حکومت وزراء کے مداری پن سے مقاصد حاصل نہیں کر سکتی، عبدالعلیم خان

حکومت وزراء کے مداری پن سے مقاصد حاصل نہیں کر سکتی، عبدالعلیم خان

  

لاہور (جنرل رپورٹر) تحریک انصاف کے این اے122سے اُمیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اڑھائی برسوں تک عوام کو زبانی نعروں پر بہلانے والے اپنے وزراء کے "مداری پن" سے سیا سی مقا صد حا صل نہیں کر سکتے، فیصل آباد اور راولپنڈی سے آنے والے لیگی نوروں اور مسخروں سے زندہ دلان لاہور جواب مانگتے ہیں کہ یہاں کے عوام کو پینے کے پانی سمیت تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتوں سے کیوں محروم رکھا گیا ۔ اچنت گڑھ ،خان کالونی،اچھرہ ،مسلم ٹاؤن اور این اے122کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس حلقے کے عوام حکمرانوں کوآئینہ دکھاتے ہوئے یہ کہنے میں حق بجانب ہیں کہ کوئی شرم ہوتی ہے ،حیا ہوتی ہے ،گذشتہ8برسوں میں نواز لیگ نے این اے122اورپی پی147سے نمائندگی کا کیا حق ادا کیا؟عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزراء کی آنیاں جانیاں بتاتی ہیں کہ انہیں کس قدر چابی بھری گئی ہے اور خواجہ سعد رفیق کو علم ہے کہ این اے122کے بعد اگلی باری اُن کی ہے اور اُن کا حشر بھی ایسا ہی ہو گا۔ این اے122 سے اُمیدوار قومی اسمبلی عبدالعلیم خان اور پی پی147سے اُمیدوار محمد شعیب صدیقی نے مدنی روڈ ،نصرت کالونی اور انفنٹری روڈ پر مشترکہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ کی ڈوبتی کشتی خالی ہو چکی ہے اور با لخصوص جماعت اسلا می اور عوامی تحریک کی طرف سے تحریک انصاف کی حمائیت کے اعلان نے حکمرانوں کی سیٹی گم کر دی اوراپنی یقینی شکست دیکھ کر ایاز صادق اور محسن لطیف نے تمام حکومتی وسائل استعما ل کرنا شروع کر دیے ہیں۔ این اے122کے علاقے عاشق آباد کے علاقے میں ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں جبکہ ٹاؤن انتظامیہ کی گاڑیاں نواز لیگ کے بینراور فلیکس لگا رہی ہیں جبکہ ریلوے پلازہ گڑھی شاہو میں ریلوے انتظامیہ نے انتخابی جلسہ کروایا ہے ۔

مزید :

صفحہ اول -