عمران خان کو دوسروں پر لزامات لگانے سے پہلے اپنےگریبان میں جھانکناچاہیے

عمران خان کو دوسروں پر لزامات لگانے سے پہلے اپنےگریبان میں جھانکناچاہیے

  

لاہور (خصوصی رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما وممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے سے پہلے عمران خان کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ،قوم ان سے پوچھنا چاہتی ہے کہ 126 دن تک کینٹیر پر ایمانداری اور دیانت داری کا بھاشن دینے والے کے دائیں طرف قبضہ گروپ اور بائیں طرف مشرف سے قرضہ معاف کرانے والے کیو ں کھڑے ہوتے ہیں ؟کیا ان لوگوں سے نیا پاکستان بن سکتا ہے ؟ انہو ں نے کہاکہ ایک طرف انتشار ، پارلیمنٹ پر حملے اور شہروں کو بند کرانے کی سیاست ہے جس کا فیصلہ 11 اکتوبر کو عوام کریں گے کہ اس کا کیا انجام ہونا چاہیے؟ ۔حمزہ شہباز نے انجمن حسینیہ خواجگان کے زیر اہتمام این اے 122 میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حمایت کے لئے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج پھر عمران خان نے اوکاڑہ میں اخلاق سے گری ہوئی باتیں کیں ہیں لیکن ہماری قیادت نے ہمیں ایسا سبق نہیں دیا ۔ آج خیبر پختونخواہ کے عوام عمران خان کو ڈھونڈتے پھرتے ہیں جن سے انہوں نے بڑے بڑے وعدے کئے تھے ۔انہو ں نے کہاکہ دوسری کی پگڑیاں اچھال کر نیا پاکستان نہیں بن سکتا جو خیبر پختونخواہ کے اربوں روپے نئے بجلی گھرو ں کے لئے دیئے گئے تھے آج ان سے سٹہ کھیلا جارہاہے ،دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کا کام بولتا ہے ۔ ساہیوال میں کوئلے کا کارخانہ اور شیخوپورہ بھکھی میں ایل این جی سے بجلی کے منصوبے 2017 میں پیداوار دیں گے تو انشا ء اللہ اندھیرے ختم ہوجائیں گے ۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ 2013ء میں سردار ایاز صادق سے ہارنے کے بعد اب عمران خان کیوں بھاگ گئے وہ حوصلہ دکھاتے اور دوبارہ مقابلہ کرتے ۔ انہو ں نے کہاکہ اگر کوئی شیر کو چھیڑے گا تو شیر اس کو نہیں چھوڑے گا اور انشاء اللہ 11اکتوبر کو سردار ایاز صادق اور میاں محسن لطیف پہلے سے زیادہ لیڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کریں گے ۔اس موقع پرشیخ وقاص اکرم ،مولانا ارشد علی ، محمد حسین اکبر ، ایم این اے مہر اشتیاق احمد ، ایم پی اے مائزہ حمید گجر، اسد اشرف ، چوہدری اللہ رکھا اور سیکرٹری اطلاعات عمران علی گورایہ بھی موجود تھے جبکہ اہل تشیع نے متفقہ طور پر این اے 122 اور پی پی 147 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی بھر پور حمایت کرنے کا اعلان کیا ۔

لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے این اے 122سے امیدوار سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ’’بھابھی ‘‘کی حلقے میں آمد کے بعد پی ٹی آئی والوں کو خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ یہاں بھی کہیں ہری پور والا معاملہ نہ ہو جائے ، پی ٹی آئی نے میدان میں لنگڑا گھوڑا اتار دیا ہے جو ریس کے قابل نہیں، اگر پیسے کے بل بوتے پر انتخاب جیتے جاتے تو عبد العلیم خان اپنی زندگی کا کوئی الیکشن ہارتا اور نہ میں کوئی جیت سکتا ،2013ء کے عام انتخابات میں سونامی عروج پر تھی لیکن عوام نے سونامی کا رخ بھی موڑا اور منہ بھی توڑا تھا ،11اکتوبر کو ایک فیصلہ ٹربیونل کے ایماندار جج کو دینا ہے جنہیں اپنی ایمانداری پر شک ہے جبکہ ایک پیغام پورے ملک کو دینا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی شاہو میں انتخابی مہم کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان کا آج تک ایک بھی بیان نہیں سنا جس میں انہوں نے کہا ہو کہ میں پاک چین اقتصادی راہداری کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتا ہوں اور اس کے لئے تعاون کا اعلان کرتا ہوں ۔ خدا نخواستہ چین کی سرمایہ کاری دھرنا پالیسی کی وجہ سے واپس چلی گئی تو پھر یہاں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئی گی ۔ عمران خان کو صرف یہ فکر ہے کہ مجھے وزیر اعظم بنا دیاجائے ۔ پی ٹی آئی نے جو گھوڑا میدان میں اتارا ہے وہ طاقتور نہیں اگر ایسا ہوتا تو عمران خان کو فیتے کاٹنے کیلئے یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر نہ آنا پڑتا ۔ (ن) لیگ کے قائد نواز شریف کسی حلقے میں ایک جلسہ کر دیں تو وہ پورے الیکشن کے لئے کافی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کی 11اکتوبر سے قبل ہی ٹانگیں کانپ رہی ہیں

لاہور( جنرل رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کی لاہور میں ہر انٹری پی ٹی آئی کے بیڑے میں ایک سوراخ کا اضافہ کر دیتی ہے ،عمران خان کو گمراہی پھیلانے کے لئے کھلا نہیں چھوڑ سکتے ۔ پی ٹی آئی کے سربراہ کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بہتان خان بتاؤ میں نے کب ، کہاں اور کیسے نوکریاں بانٹیں ؟۔ بنی گالہ میں 300کنال کا گھر رکھنے والے الزام خان بتاؤ کتنا انکم ٹیکس دیا ۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے پابندی اٹھانے کے بعد انتخابی مہم میں حصہ لینا شروع کیا اور ذاتی حیثیت میں انتخابی مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی مخالفت میں بیرون اور اندرون ملک عمران خان پیش پیش ہیں ۔مسلم لیگ (ن) نے ایماندار شخص کو میدان میں اتار ا ہے ،پیسے کی چمک (ن) لیگ کے امیدوار کی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی

مزید :

صفحہ اول -